لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے ہماری درخواست پر بھاگ جاتے ہیں، اگر بلاول بھٹو میں ہمت ہے تو وہ انہیں کان سے پکڑ کر لے آئیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے الحمرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پانی کی تقسیم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ کے پانی پر دعویٰ نہیں کر سکتا اور ہماری پانی کی مینجمنٹ پر کوئی مداخلت نہیں کر سکتا۔ صحت کے شعبے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ مافیا کے نرغے میں ہے، لیکن کسی کو بھی مریضوں کو ادویات سے محروم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے سرکاری ملازمین کے حوالے سے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ کے وژن سے ہم آہنگی نہ رکھنے والوں کے لیے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔ مزید برآں، انہوں نے اعلان کیا کہ عید الفطر تک کوئی ایسا ملازم نہیں ہوگا جسے تنخواہ نہ ملے۔ آرمی چیف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مائیں اللہ کی عظیم نعمت ہیں اور غم کی اس گھڑی میں وہ آرمی چیف کے ساتھ کھڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت فنونِ لطیفہ کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح ہدایات دی ہیں کہ آرٹ اور فن کی خدمت کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے بتایا کہ ترکی کے قونصل جنرل نے الحمرا کا دورہ کیا اور پاکستانی پینٹنگز کو بے حد سراہا۔ مزید برآں قونصل جنرل نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ترکی میں پاکستانی نوجوان فنکاروں کی پینٹنگز کی نمائش ہونی چاہیے۔