اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بجلی ٹیرف میں کمی کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بجلی ٹیرف میں ایک روپے فی یونٹ کمی کی اجازت دی ہے، تمام صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے فی یونٹ ریلیف ملے گا۔
یہ ریلیف کیپٹیو پاور پلانٹس پر لیوی سے حاصل ریونیو سے دیا جائے گا، کیپٹیو پاور پلانٹس کی جانب سے گیس کے استعمال پر لیوی عائد کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے ریلیف پیکیج پر بھی کام جاری ہے، جس کا اعلان آئی ایم ایف کی منظوری سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے اسٹاف لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) کے تحت نئی کاربن لیوی متعارف کرانے پر بھی اتفاق ہوا ہے جبکہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے ساتھ ساتھ پانی کی قیمتوں میں اضافے اور آٹو موبائل سیکٹر کو عالمی تجارت کے لیے کھولنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کی جانب سے بجلی کے اوسط نرخوں میں سات روپے فی تک یونٹ کمی کا اعلان چند دنوں میں متوقع ہے، اس کا اطلاق یکم اپریل 2025 سے متوقع ہے جبکہ کاربن لیوی، پانی کی قیمتوں اور آٹوموبائل پروٹیکشن ازم سمیت دیگر بڑے اقدامات پر عمل درآمد یکم جولائی 2025 سے متوقع ہے۔