چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ میدان میں ٹیم ورک کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ناکام نہیں ہوتے ہیں۔
لاہور میں چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے تیاری کرنے والی پاکستان ویمن ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی تیاریوں کے حوالے سے اپ ڈیٹس لیں اور خواتین کھلاڑیوں کا پریکٹس سیشن دیکھا۔
انہوں نے تربیتی کیمپ میں پلیئرز سے ملاقات بھی کی، کھلاڑیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اُمید ہے کہ آپ بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گی، کوالیفائر میں فائٹنگ اسپرٹ کے ساتھ کھیلیں گی۔
کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ان کا حوصلہ بڑھایا اور کوالیفائر کےلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا، جبکہ کوچز سے کھلاڑیوں بارے فیڈ بیک لیا۔
دریں اثنا ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے رننگ، بائولنگ اور بیٹنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔ کوچز نے کھلاڑیوں کو بائولنگ کی ٹپس دیں۔
ہیڈ کوچ محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کوالیفائر کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کو ٹف حریف قرار دیا۔
واضح رہے کہ ویمنز کیمپ کا دوسرا مرحلہ 30 مارچ کو ختم ہوگا۔ خواتین کھلاڑی عید الفطرکی چھٹیوں کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائر کے لئے دوبارہ لاہور میں جمع ہونگی۔