آگ کو بجھنے میں ایک سے دو ہفتے لگ سکتے ہیں، میئر کراچی ، فائل فوٹو
آگ کو بجھنے میں ایک سے دو ہفتے لگ سکتے ہیں، میئر کراچی ، فائل فوٹو

کراچی، کورنگی کراسنگ کے قریب آگ لگے40 گھنٹے گزرگئے ، قابو نہ پایا جاسکا

کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں بورنگ کے دوران لگی آگ 40 گھنٹے بعد بھی نہ بجھ سکی۔ ماہرین نے کہا کہ آگ کی وجہ زیر زمین میں گیس کا چھوٹا ذخیرہ ہوسکتا ہے، جو ختم ہونے پر آگ بجھ جائے گی، تاہم آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے، جبکہ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔ میئر کراچی کا کہنا ہے کہ آگ کو بجھنے میں ایک سے دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔

کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں بورنگ کے دوران لگنے والی خوفناک آگ پر40 گھنٹے کی طویل جہدوجہد کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق ابتدائی طور پر پانی کے چھڑکاؤ، اور ریت سے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی جو موثر نہ ہونے پر اس عمل کو روک دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ماہرین کے مطابق 1200 فٹ گہرے گڑھے میں لگنے والی آگ کی وجہ زیر زمین گیس کا چھوٹا ذخیرہ ہوسکتا ہے۔

سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی فیصل وٹو کے مطابق سیمپل رپورٹ کی روشنی میں آگ بجھانے کے لئے نیا طریقہ اپنایا جائے گا۔

ایم ڈی پاک ریفائنری زاہد میر کا کہنا ہے یہ شیلو گیس ہے جس سے آئل ریفائنری کی تنصیبات 500 میٹر دور ہیں، آگ کو بڑھنے سے روکنا ہے، دوسری جانب آگ پر قابو پانے کیلئے فائربریگیڈ کی 6 سے7 گاڑیاں جائے وقوعہ پر موجود ہیں، تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کو قابو میں رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس آگ سے کراچی کے انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور انتظامیہ کی ناکامی کا تاثر بالکل غلط ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ واقعہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور میڈیا کو چاہیے کہ اس معاملے پر سنسنی پھیلانے سے گریز کرے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقے میں جانے سے اجتناب کریں اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔