دورہ نیوزی لینڈ، کپتانی کا تاج شاداب کے سر پر سجنے سے رہ گیا

دورہ نیوزی لینڈ میں کپتانی کا تاج شاداب خان کے سر پر سجنے سے رہ گیا،آل راؤنڈر کو ٹی 20 میں اہم ذمہ داری سونپنے کی تجویز بورڈ حکام کی جانب سے مسترد کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کیلئےسکواڈ منتخب کرتے وقت پی سی بی نے پانچوں مینٹورز سرفراز احمد، ثقلین مشتاق، وقار یونس، مصباح الحق اور شعیب ملک سے بھی مشاورت کی تھی۔

اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر جب بعض ماہرین نے مینٹورز پر سوال اٹھائے تو انھوں نے اپنی صفائی میں کہا تھا کہ پلیئرز سلیکشن میں ان سے کوئی رائے نہیں لی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ مینٹورز سے ملاقات کے بعد سلیکٹرز نے جو اسکواڈ منتخب کیا اس میں شاداب خان کو ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا کپتان مقرر کیا گیا تھا،انھوں نے اس کا جواز یہ دیا کہ وہ اپنی پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائٹیڈ کی بھی قیادت کرتے ہیں،تجربہ کار ہونے کی وجہ سے نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں۔

البتہ پی سی بی حکام نے یہ تجویز مسترد کر دی کہ جو کھلاڑی سکواڈ میں ہی نہیں ہے اسے کیسے قیادت سونپ سکتے ہیں، سلمان علی آغا دیگر طرز میں قومی ٹیم کے ریگولر ممبر ہیں وہ ٹی ٹونٹی میں بھی اچھا پرفارم کر سکتے ہیں، اس پر انھیں کپتان بناتے ہوئے شاداب کو نائب کی ذمہ داری سونپی گئی۔

ٹیم کی بدترین شکستوں کے باوجود پی سی بی یہ فیصلہ کر چکا ہے کہ آئندہ برس ٹی ٹونٹی ورلڈکپ تک نوجوان کھلاڑیوں پر ہی انحصار کیا جائے گا، وہ جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق پرفارم کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔