حیدرآباد: پراسرار طور پر چند روز قبل لاپتا ہونے والی 9 سالہ بچی کی لاش نہر سے برآمد ہوگئی۔
پولیس کے مطابق نواحی علاقے کیٹل کالونی کے قریب پنیاری نہر سے 9 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت شگنا بنت ایمراج کولہی کے طور پر ہوئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچی اولڈ پاور ہاؤس پھلیلی کی رہائشی بتائی جاتی ہے۔ نہر سے برآمد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی یا قتل سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں تو تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بچی چند روز قبل پراسرار طور پر لاپتا ہوئی تھی۔