میرپورخاص: میرپورخاص کے تھانہ سندھڑی کی حدود گاﺅں ولی محمد منگریو میں شقی القلب شوہر نے حاملہ بیوی مریم بھیل، 2 بیٹوں 8سالہ خوشحال اور5 سالہ ہرلال کو تشدد کے بعد زندہ جلا دیا۔
سندھڑی پولیس کے ہاتھوں شک کی بنیاد پر گرفتار شوہر ویجھو بھیل نے پولیس کے سامنے حاملہ بیوی اور دونوں بچوں کو زندہ جلا کر قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ۔ ایس ایچ او تھانہ سندھڑی خدا بخش رانجھانی کے مطابق ملزم کو شک تھا کہ اس کی بیوی کے کسی دوسرے شخص سے ناجائز تعلقات ہیں جس کی وجہ سے ملزم نے یہ قدم اٹھایا جبکہ ملزم کو جلد ریمانڈ کیلیے متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ادھر مقتولہ مریم بھیل کے بھائی گوردھن بھیل کی مدعیت میں سندھڑی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے جس میں فریاد کی گئی ہے کہ فریادی کا بہنوئی اکثر بہن کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا اورکہتا تھا کہ وہ اسے اور اس کے بچوں کو قتل کر دے گا، وقوعہ کے روز ملزم نے بہن کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعدازاں جھونپڑے نما گھر کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 7ماہ کی حاملہ بہن مریم اور اس کے 2 بیٹے جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
خاتون کی لاش کا پوسٹمارٹم کرنے والے ڈاکٹرز کے مطابق دوران پوسٹمارٹم خاتون کے پیٹ سے مردہ بچہ نکالا گیا تھا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خاتون کی ایک ٹانگ کٹی ہوئی تھی جبکہ اس کے5 سالہ بیٹے ہرلال پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں، ڈاکٹر کے مطابق مرنے والوں کی لاشوں کے نمونے مکمل پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔