ڈیرہ بگٹی: جمہوری وطن پارٹی کے رہنما اور بلوچستان کے سابق وزیر نوابزادہ گہرام بگٹی کو تھری ایم پی او کے تحت ڈیرہ بگٹی ٹائون سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نوابزادہ گہرام بگٹی نے بھی ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر خواتین رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف ڈیرہ بگٹی سے کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا اور انھیں آج (4 اپریل) کو نصیر آباد کے علاقے سے کوئٹہ کے لیے لانگ مارچ شروع کرنا تھا۔
تاہم گزشتہ شب نصیر آباد روانگی سے قبل پولیس کی نفری ڈیرہ بگٹی ٹائون پہنچی اور بگٹی ہاوس سے نکلنے کے بعد انھیں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام نے گرفتاری سے قبل انھیں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کا وہ حکمنامہ دکھایا جس میں یہ کہا گیا ہے کہ نوابزادہ گہرام بگٹی دفعہ 144کی خلاف ورزی میں لوگوں کو غیر قانونی طور پر اکھٹا کرنے کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
تھری ایم پی او کے تحت نوابزادہ گہرام بگٹی کو 30 یوم کے لیے حراست میں رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔