گڑھی خدابخش(امت نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے سندھو پر نہریں نامنظور کا نعرہ لگا دیا۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم پانی کی منصفانہ تقسیم کا مقدمہ لڑر ہے ہیں ۔ہم نے پہلے متنازع ڈیم منصوبہ دفن کیا اب کینال منصوبے کے بھی مخالف ہیں ۔وفاقی حکومت اس متنازع منصوبے کو فوری طور پر بند کرے،پیپلزپارٹی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی ۔ترقیاتی منصوبوں میں مشاورت کے بغیر بجٹ میں ووٹ نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے پانی پر ڈاکہ مارتا رہا ہے میں نے بھارت کا مقابلہ کیا۔
گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخی پیپلز ہاؤسنگ منصو بے کے ذریعے میں 20 لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر بھی دے رہا ہوں اور اپنی زمین کا مالک بھی بنا رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کا فائدہ اٹھا کر جو پاکستان کو نقصان پہنچانا چا رہے ہیں، ہم ان کا راستہ روکیں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جو سندھ میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، ان کو بھی پیپلزپارٹی جواب دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر محب وطن پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں، اس وقت حکومت، وزیراعظم اور ان کی ٹیم کا سب سے اہم کردار ہوتا ہے، ہم اس کوشش میں ان کا ساتھ دیں گے، ہم اپوزیشن سے اپیل کرتے ہیں کہ آپ بھی اپنا کردار ادا کریں۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دریائے سندھ پر نئی نہریں بنانے کے منصوبے کی مخالفت کردی ۔گزشتہ روز ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو سندھو پر نہریں نامنظور کا نعرہ لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں سال سے نسل در نسل ہمیں ایک ہی کام آتا ہے کہ دریاؤں کے ساتھ رہنا ہے اور فصل کاشت کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مشرف کے متنازع یکطرفہ کینالز کے فیصلے ہوں، یا عمران خان کے یکطرفہ متنازع فیصلے ہوں، جیالے یہ جدوجہد کرتے ہوئے بوڑھے ہو گئے کہ سندھو پر دریا نامنظور۔ انہوں نے کہا کہ ارسا کی رپورٹ پڑھ لیں کہ وہ پنجاب میں پانی کی قلت کے بارے میں کیا کہتے ہیں، جہاں پنجاب کے کسان کی شکایت ہے کہ پانی کی قلت ہے، جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کو نقصان ہوگا، پیپلزپارٹی ہی ملک میں پانی کی منصفانہ تقسیم کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گڑھی خدا بخش میں جمع ہو کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔