اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوامی حمایت سے مشکل اور درست فیصلے کئے، وزیر اعظم نے سیاست نہیں ریاست کو بچایا ہے۔
وفاقی وزیرعطا تارڑ نے اپنے حلقہ این اے127 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ایک ایک دن کو عوام کی امانت سمجھ کر گزارتے ہیں، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ بجلی بلوں میں ریلیف دیں گے، آج وہ وعدہ پورا ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی ایک سال میں سنگل ڈیجٹ پر آگئی، یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، صنعتیں چلیں گی تو بیروزگاری کم ہوگی، اس ملک کو عظیم بنانے کیلیے سب مل کر آگے بڑھ کر کام کرتے رہیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایک محبت وطن پاکستانی ہیں اور پاکستان کی سالمیت اور معیشت کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں آئیں گی، ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔