مطالبات تسلم نہ ہوئے تو ہائی وے بھی بلاک کریں گے، فوٹومیڈیا
مطالبات تسلم نہ ہوئے تو ہائی وے بھی بلاک کریں گے، فوٹومیڈیا

اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا پٹڑیوں پر دھرنا،کراچی کا ریل رابطہ منقطع

کراچی: بن قاسم ریلوے ٹریک پر اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا احتجاج جاری ہے، احتجاج کے باعث ریلوے کا نظام بری طرح متاثرہو گیا۔

اسٹیل ملز کے سیکڑوں برطرف ملازمین احتجاجا قومی شاہراہ سے ریلوے ٹریک پر منتقل ہوئے جس کے بعد پپری ریلوے اسٹیشن کے دونوں ٹریک مکمل طور پر بند ہونے سے اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی۔

پاکستان اسٹیل ملز کے بر طرف ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر کئی گھنٹوں سے دھرنا دیا ہوا ہے جس کے باعث کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی ٹرین سروس معطل ہے۔ٹریک بند ہونے سے کراچی سے روانہ ہونے اور آنے والی متعدد ٹرینیں مختلف اسٹیشنز پر روک دی گئی ہیں۔

ہاتھوں میں بینرز تھامے مظاہرین نے شدید نعرے بلند کیے،دھرنے کے دوران سلیم خشک نامی شخص کی حالت غیر ہوئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا مگر حالت تشویشناک ہونے کے باعث وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ مطاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ 6 ہزار ملازمین کو بحال کیا جائے، مطالبات تسلم نہ ہوئے تو ہائی وے بھی بلاک کریں گے۔

ڈی سی او کراچی ریلوے کے مطابق کراچی کینٹ اسٹیشن پر تیزگام ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور دیگر ٹرینوں کے مسافروں کا شدید رش ہے۔ کئی ٹرینیں گھنٹوں سے تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں، جس پر مسافروں نے ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔

ریلوے انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ چھ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ٹرینوں کے مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس کی جائے گی۔ رحمان بابا ایکسپریس کو لانڈھی جبکہ پاکستان ایکسپریس کو ڈریگ روڈ اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے اور ملت ایکسپریس و گرین لائن کے مسافر پیپری اسٹیشن سے پیدل روانہ ہونے پر مجبور ہو گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔