فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد،منشیات فروشوں کی فائرنگ، مسلم لیگ (ن) کا مقامی رہنما قتل

اسلام آباد میں تھانہ کھنہ کی حدود پنڈوریاں میں مبینہ منشیات فروشوں کی فائرنگ سے حکومتی جماعت مسلم لیگ نون کا مقامی رہنما قتل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے پنڈوریاں اشرف ٹاؤن میں منشیات فروش مافیا نے سماجی کارکن اور سابق امیدوار برائے یو سی چیئرمین اشتیاق عباسی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

اشتیاق عباسی گزشتہ چند ماہ سے علاقے میں منشیات فروشی کے خلاف آواز بلند کر رہے تھے اور ان سمیت آٹھ افراد کو قتل کی دھمکیاں بھی دی جا رہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق بدھ کی صبح 10 بجے کے قریب تین موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے انہیں گھر کے قریب دن دہاڑے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ اشتیاق عباسی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزمان کا تعلق منشیات فروش مافیا سے ہے۔ اس حوالے سے علاقہ مکین کئی بار احتجاج کر چکے ہیں اور اشتیاق عباسی نے دو روز پہلے ہونے والے جرگے میں اعلان کیا تھا کہ اگر پولیس نے منشیات فروشی کرنے والوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی نہ کی تو کھنہ پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج اور دھرنا دیا جائے گا۔

دوسری طرف واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے سے منتخب رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز ، اسلام اباد سے منتخب وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سمیت اہم شخصیات پمز ہسپتال پہنچ گئیں۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ ہم علاقے سےمنشیات کی لعنت کا خاتمہ کیے بنا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔اس دوران آئی جی پولیس کے ساتھ بھی اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا جس کے بعد ہنگامی طور پر منشیات فروشوں کی سرکوبی کے لیے سہالہ پولیس کو بھی ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

مقتول اشتیاق عباسی کا تعلق مری کے علاقے مسیاڑی سے تھا ۔ان کی نماز جنازہ شام چھ بجے ہائی وے کے ساتھ ادا کی  جائے گی۔