اسلام آباد: وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مراعاتی پیکیج کا اعلان کردیا، میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹا، ایف بی آر اوورسیز پاکستانیوں کو لین دین اور بینک معاملات میں بطور فائلرز شمار کرے گا، ان کے مقدمات کی سماعت کیلیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔
سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے جذبے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایک کروڑ سے زائد پاکستانی دنیا کے مختلف ملکوں میں مقیم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کردی گئی ہیں، پنجاب اور بلوچستان میں بھی ایسی عدالتیں قائم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے محنت، لگن اور قربانیوں سے اپنا مقام بنایا، آپ ہمارے سروں کے تاج اور ہمارے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا دل پاکستان کیساتھ دھڑکتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت سے رزق حلال کما رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا فخرہیں۔