کراچی : مشیر وزیراعلی سندھ امان اللہ مسعود نے راجپوت برادری کو راجپوت کلچر ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ راجپوت برادری کا پاکستان کی تاریخ میں اہم مقام ہے، راجپوت برادری نے ہر موقع پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ملک و قوم کی خدمت میں روشن کردار ادا کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے راجپوت کلچر ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق راجپوت کلچر ڈے کے موقع پر پاکستان راجپوت اتحاد کی جانب سے بابائے راجپوت راؤ شمشاد علی خاں کی زیر صدارت کورنگی میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں راؤ ندیم چیئرمین راجپوت قومی الائنس، دی کنگ راجپوت کے چیئرمین راؤ ایوب عثمان، راجپوت رہنما راؤ وسیم، راؤ نوید راجپوت نظریاتی سنگت اور رانا طارق سمیت راجپوت برادری کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی مشیر وزیراعلی سندھ امان اللہ مسعود تھے۔ تقریب سے پاکستان راجپوت اتحاد کے جنرل سیکریٹری راؤ محمد بلال نے بھی خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امان اللہ مسعود نے راجپوت برادری کو ان کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بابائے راجپوت راؤ شمشاد علی خاں نے کہا کہ راجپوت دس ہزار سالہ عظیم الشان تہذیب و تمدن کے وارث ہیں اور امن ، محبت بھائی چارہ راجپوتوں کی ہزاروں سالہ تاریخ کا نچوڑ ہے۔
انھوں نے کہاکہ راجپوتوں نے کبھی ظلم نہیں کیا بلکہ ہمیشہ مظلوم لوگوں کا ساتھ دیا اور مظلوموں کا سہارا بنے، اب ضرورت ہے کہ راجپوت برادری اپنے تہذیب و تمدن کو دوبارہ زندہ کرے اور خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے اپنی تاریخ کا عظیم الشان تسلسل برقرار رکھے۔
انھوں نے آپس میں اتحاد اور اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ راجپوت برادری کے درمیان اتحاد بنانے کا مقصد دوسری برادریوں سے تعصب کرنا نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد تمام برادریوں کو جوڑنا اور ملک میں امن محبت اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا ہے۔ تقریب سے رانا طارق، راؤ ندیم، راؤ بلال اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔