فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹک ٹاک بنانے کا جنون ، 2 طالبات ٹرین کی زد میں آکرہلاک

حیدرآباد : حیدرآباد میں ریلوے ٹریک عبور کرنے کے دوران 2 طالبات تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکرہلاک ہوگئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں طالبات ٹرین گزرتے وقت ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران ٹرین کی زد میں آئیں۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ جی او آر کی حدود بابن شاہ ریلوے ٹریک کے قریب 2 طالبات کے ہلاک ہونے کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کی لاشیں تحویل میں لے کر ایدھی فا?نڈیشن حیدرآباد کے رضاکاروں کی مدد سے سول اسپتال حیدرآباد منتقل کروائی جہاں ان کی شناخت 23 سالہ سونی بنت کشن مسیح سکنہ ہالاناکہ اور 28 سالہ رشنا بنت محمد قاسم سکنہ گوٹھ صالح دل مسو بھرگڑی کے طور پر کی گئی۔

ایس ایچ او تھانہ جی او آر امتیاز لاڑک کے مطابق دونوں لڑکیاںکراچی ایکسپریس کی زد میں اس وقت آئیں جب وہ ریلوے ٹریک عبور کر رہی تھیں۔ دونوں لڑکیاں آٹوبھان روڈ لطیف آباد میں واقع ایک نجی انسٹی ٹیوٹ میں زیر تعلیم تھیں جبکہ ہلاک ہونے والی سونی مسیح مقامی این جی او میں بھی کام کرتی تھی۔

واقعے کو اتفاقی حادثہ قرار دے کر دونوں کی لاشیں ورثا پوسٹمارٹم کے بغیر اسپتال سے لے گئے۔ ایس ایچ او کے مطابق انہیں دونوں لڑکیوں کے ٹک ٹاک بنانے کے شواہد نہیں ملے، تاہم واقعے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر جمع ہونے والے مقامی افراد کے مطابق دونوں لڑکیاں ٹرین کی ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران ٹرین کی زد میں آئیں۔ واضح رہے کہ تین روز قبل بھی ایک شخص اسی مقام پر تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا تھا۔