فائل فوٹو
فائل فوٹو

 حیدرآباد، موٹر وے پرعسکری کارگو کمپنی کے ٹریلر جلانے کی کوشش ناکام

حیدرآباد : سی ٹی ڈی نے کراچی و حیدرآباد موٹر وے پر عسکری کارگو سپلائر کمپنی کے ٹریلر جلانے کی کوشش ناکام بنادی۔ مبینہ مقابلے کے بعد تین دہشت گرد فرار ہوگئے جبکہ سی ٹی ڈی نے دستی بم، پیٹرول بم سمیت بارودی مواد تحویل میں لے لیا۔

اس حوالے سے سی ٹی ڈی حیدرآباد کے ذرائع کے مطابق دہشت گردی کی کارروائی کی نیت سے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی حیدرآباد کی خصوصی ٹیم، ایم نائن موٹروے پر لونی کوٹ کے مقام پر پہنچی تو اس دوران دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی کے درمیان مقابلہ شروع ہوگیا جس کے دوران کئی گولیاں پولیس موبائل کو بھی لگی۔ مبینہ مقابلے کے دوران اندھیرے کا فائدہ ہوئے دہشت گرد فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد تین تھی جوکہ فرارہوتے وقت وہاں پر دہشت گردی میں استعمال ہونے والا سامان چھوڑ کرگئے جو سی ٹی ڈی نے اپنی تحویل میں لے لیا، جس میں ایک دستی بم، ایک ڈیٹونیٹر، پانچ سو گرام بارودی مواد اور سیاہ رنگ کا بیگ شامل ہے جس کے اندر سے چار پیٹرول بم برآمد ہوئے ہیں جنہیں بی ڈی ایس کے عملے کی مدد سے ناکارہ بنایا گیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عسکری کارگو سپلائر کمپنی کے ٹریلر کو جلانے کی منصوبہ بندی کی نیت سے وہاں موجود تھے لیکن بروقت کارروائی سے ان کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ جمعرات کی رات گئے تک واقعے کا کیس درج نہیں کیا جاسکا تھا۔