وفاقی انشورنس محتسب نے بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا

کراچی(پ۔ر) وفاقی انشورنس محتسب نے بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ کریک ڈاؤن اُن انشورنس کمپنیز کے خلاف ہوگا جوغریب، یتیم و مسکین، بیواؤں اور بیمار پالیسی ہولڈرزکو ان کے جائز کلیمز ادا کرنے میں مجرمانہ غفلت کی مرتکب پائی گئی ہیں۔وفاقی انشورنس محتسب ممتاز علی شاہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ حال ہی میں صدرِمملکت آصف علی زرداری سے ایک ملاقات کے دوران ملنے والی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔یہ ملاقات ادارے کی سالانہ  کارکردگی رپورٹ صدر پاکستان کو پیش کرنے کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم ہنگامی بنیادوں پرانشورنس کمپنیز کی بدانتظامیوں اوردھوکہ دہی پر مبنی انشورنس پالیسیوں کی فروخت کے خلاف بھی شکایات کا ازالہ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل وفاقی انشورنس محتسب مبشر نعیم صدیقی کی سربراہی میں قائم عملدرآمد کمیٹی ادارے کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔
وفاقی انشورنس محتسب نے سا ل 2024کی شائع ہونے والی کارکردگی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ  گذشتہ سال ادارے نے شکایت کے اندراج، ازالہ اور کلیمز دلوانے کے ماضی کے تمام ریکارڈز توڑ دئے ہیں۔ انہوں کا کہنا تھا کہ سال 2024میں 6116شکایت رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ 5827شکایات پر فیصلے دئے گئے جن کے ذریعے ادارے نے مختلف انشورنس کمپنیز سے سائیلین کو 2.32بلین روپے کا مانیٹری ریلیف دلوایاگیا۔اب سائلین نہ صرف ادارے کے ریجنل دفاتر سے بلکہ اپنے گھروں سے بھی سماعت میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیش ہوسکتے ہیں۔اس سہولت سے نہ صرف سائلین اور انشورنس کمپنیز کا وقت بچا ہے بلکہ سفری اخراجات کی بھی بچت ہوئی ہے۔