فوٹو مقامی میڈیا
فوٹو مقامی میڈیا

دھرنے میں پھنسی گاڑیاں، ٹرانسپورٹرز کا حکومت کو کل تک کا الٹی میٹم

خیرپور میں ببرلو کے مقام پر دھرنے میں پھنسی گاڑیوں کے معاملے پر ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو کل تک کا الٹی میٹم دے دیا۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ببرلو کے مقام پر دھرنے کی وجہ سے روڈ بلاک میں پھنسا ہوا ایک ڈرائیور دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوچکا ہے، سامان سے بھری ہوئی گاڑیوں کو راستہ دے کر کلیئر کرایا جائے۔

ٹرانسپورٹر کا کہنا ہے کہ کئی روز سے کھڑی گاڑیوں میں لوڈ ہوئے قربانی کے جانور، مرغیوں کی حالت خراب جبکہ کھانے پینے کی اشیاء خراب ہوگئیں۔ ٹرانسپوٹرز کا کہنا ہے کہ اگر گاڑیوں کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمے دار وفاق اور صوبائی حکومت ہوگی۔

واضح رہے کہ نئی نہروں کے خلاف سندھ میں ہونے والے احتجاج کی وجہ سے معیشت کا پہیہ رک گیا ہے، ببرلوبائی پاس پر دھرنے کی وجہ سے پنجاب اور دیگر صوبوں سے آنے والی 12 ہزار گاڑیاں قومی شاہراہ پر پھنسی ہوئیں ہیں، ایک ہزار کمرشل گاڑیاں اور 2 ہزار 500 آئل ٹینکرز پھنس گئے، جس کے باعث سندھ ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کو راشن و خوراک کی فراہمی خطرے میں پڑچکی ہے۔

خیرپور ببرلوبائی پاس پر وکلابرادری کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری رہا۔ گھوٹکی اور پنوعاقل میں احتجاج کے باعث پیٹرول بحران پیدا ہوگیا جبکہ ڈہرکی میں قومی شاہراہ پر مظاہرین نے پنجاب جانے والے ٹرک روک لیے۔