لاہور: فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کی کال پر ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے جس کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں تجارتی مراکز مکمل طور پر بند ہیں۔
لاہور میں بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ مکمل بند ہے جبکہ شہر کی تمام کار ڈیلرز مارکیٹیں بھی بند ہیں، اردو بازار، مال روڈ سمیت اندرون شہر اور دیگر مارکیٹوں میں بھی آج کاروبار بند رہے گا۔
جماعت اسلامی کی کال پر انارکلی اور ملحقہ مارکیٹیں بھی بند ہیں، شاہ عالم مارکیٹ، برانڈرتھ روڈ، ہال روڈ اور ملحقہ مارکیٹیں بھی بند رہیں گی، ریڈی میڈ گارمنٹس، سولر مارکیٹ بھی بند ہے جبکہ شہر کی مرکزی غلہ منڈی بھی مکمل بند طور پر ہے۔
ادھر پشاور میں قصہ خوانی، خیبر بازار، پیپل منڈی، صدر، ہشت نگری اور دیگر اہم کاروباری علاقوں میں دکانیں بند ہیں جبکہ تنظیم تاجران کے مطابق رامپورہ گیٹ میں احتجاجی کیمپ بھی لگایا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال اہل غزہ سے یکجہتی کا اظہار ہے، پاکستانی قوم فلسطینیوں کی نسل کشی برداشت نہیں کر سکتی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos