بھارت نے اپنے شہریوں کو مشترکہ پریڈ دیکھنے کی اجازت نہیں دی، فائل فوٹو
بھارت نے اپنے شہریوں کو مشترکہ پریڈ دیکھنے کی اجازت نہیں دی، فائل فوٹو

بھارت واہگہ بارڈر پر ہونے والی پریڈ سے بھی بھاگ گیا

لاہور: بھارت رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کرنے کے بعد دن کی روشنی میں واہگہ بارڈر پر ہونے والی پریڈ سے بھاگ گیا اور اپنے شہریوں کو مشترکہ پریڈ دیکھنے کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث بھارتی اسٹیڈیم میں سناٹا چھایا رہا۔

 پاکستان رینجرز پنجاب نے بھارت کو واہگہ بارڈر پر ہونے والی جوش اور جذبوں کی جنگ میں بھی شکست سے دوچار کر دیا، پاکستان پر مشن سندور کے نام سے حملے کرنے والے بھارت کا اسٹیڈیم دن کی روشنی میں سونا نظر آیا جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کے شیر دل جوان اپنی سرحد پر سینہ تانے کھڑے رہے اور سرحدوں کی نگہبانی کا فریضہ ادا کررہے ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی پاک فوج اور پاکستان رینجرز پنجاب کا حوصلہ بڑھانے  کے لیے واہگہ بارڈر پہنچے اور انہوں نے پاکستان رینجرز پنجاب کے جوانوں کی شان دار پریڈ دیکھی۔

اس موقع پر  گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی افواج نے بروقت اور مؤثر جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج واہگہ بارڈر پر اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ ان کے جذبے کو سلام پیش کرنے آیا ہوں، گزشتہ رات بھارت نے حملہ آور ہو کر ہماری سرحدوں پر نہیں بلکہ ہمارے معصوم شہریوں، مساجد اور بچوں کو نشانہ بنایا، ایک پانچ سالہ معصوم بچے کی شہادت نے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے۔

کامران ٹیسوری نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے شہری آبادی پر حملے کا نوٹس لیں۔