اسلام آباد، نئی دہلی: امریکی ثالثی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا نفاذ ہو گیا،کستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر تیار ہو گئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سیز فائر کی تصدیق کر دی ہے۔
ماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی ثالثی میں ایک طویل رات کی بات چیت کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عقل و دانشمندی کا مظاہرہ کرنے پر دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس معاملے پر آپ کی توجہ کے لیے آپ کا شکریہ۔
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) May 10, 2025
آج شام ساڑھے 4 بجے سے سیزفائر نافذ العمل ہوگیا: اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور بھارت نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آج شام ساڑھے 4 بجے سے سیزفائر نافذ العمل ہوگیا ہے۔
نائب وزیرا عظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور سلامتی کے لیے کوشش کی ہے، پاکستان نے امن کی کاوشوں میں اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس سارے معاملے کو لیڈ کیا، جنگ بندی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
Pakistan and India have agreed to a ceasefire with immediate effect. Pakistan has always strived for peace and security in the region, without compromising on its sovereignty and territorial integrity!
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) May 10, 2025
ادھرانڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نے آج دن کے تین بج کر 35 منٹ پر انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن سے بات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان انڈیا کے وقت کے مطابق پانچ بجے سے زمین، فضا، اور سمندر میں مکمل جنگ بندی ہو گی۔‘
انھوں نے کہا کہ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 12 مئی کو دن 12 بجے (انڈین وقت کے مطابق) دوبارہ بات ہو گی۔
نریندر مودی اور شہباز شریف نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا: امریکی وزیر خارجہ
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا، وزیر اعظم نریندر مودی اور شہباز شریف نے دانشمندی اور قیادت کا مظاہرہ کیا۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے اہم مسائل پر بات چیت کے لیے غیر جانبدار مقام پر ملاقات کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
Over the past 48 hours, @VP Vance and I have engaged with senior Indian and Pakistani officials, including Prime Ministers Narendra Modi and Shehbaz Sharif, External Affairs Minister Subrahmanyam Jaishankar, Chief of Army Staff Asim Munir, and National Security Advisors Ajit…
— Secretary Marco Rubio (@SecRubio) May 10, 2025
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب صدر وینس نے بھارتی و پاکستانی رہنماؤں سے مذاکرات کیے، مذاکرات میں بھارتی اور پاکستانی آرمی چیف اور قومی سلامتی کے مشیروں نے بھی شرکت کی۔
مارکو روبیو نے کہا کہ ہم وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت اور دور اندیشی کو سراہتے ہیں۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان امن بات چیت کا آغاز اور بھارتی و پاکستانی قیادت کی جانب سے امن کی راہ کا انتخاب خوش آئند قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی رات کو بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے 5 طیارے بھی مار گرائے۔
پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ایئر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
پاکستان نے آج صبح بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔
اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے۔ پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ الحمدللہ افواج پاکستان نے مربوط طریقے سے طاقتور جواب دیا ہے، پہلگام واقعے پرحقائق جاننے کے لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کو بھارت نے ٹھکرا دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، ان جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حملوں میں نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم بھارت کی ان پے در پے کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا، آج ہم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور بےگناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کےمطابق ملک کے تمام ایئرپورٹس معمول کے فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب ہیں، مسافروں سے گزارش ہے کہ اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔
خیال رہے پاک بھارت کے سیز فائر کے بعد پی اے اے نے تمام ایئر پورٹس پر فلائٹس بحالی کی خوشخبری سنائی ہے۔
واضح رہے پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملک بھر کے ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا تھا ۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos