پیراپلیجک سنٹر پشاور کے ترجمان نے وزیراعلی کے حالیہ دورے کے حوالے سے کچھ مافیاز کی طرف سے سنٹر پر لگائے بے بنیاد الزامات اور افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں منفی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے حالیہ دورے کے دوران صوبے کے معذور افراد کیلئے وظیفے کا اعلان نہیں کیا بلکہ صرف پیراپلیجک سنٹر کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے مختص فنڈز میں اضافے کا اعلان کیا ہے جو ایک احسن اقدام ہے اور ادارہ اس پر وزیراعلیٰ کا تہہ دل سے شکر گزار ہے۔ واضح رہے کہ سنٹر سخت مالی نظم و ضبط اور شفافیت کے ساتھ ساتھ اپنے 45 فیصد اخراجات مخیر شخصیات کے عطیات سے پورے کرتا ہے۔ پیراپلیجک سنٹر پشاور حرام مغز کی چوٹوں، سپائنا بائی فیڈا، کمر کی ٹی بی و سرطان، پولیو، آٹزم سپیکٹرم اور ٹیڑھے پاؤں والے بچوں کے علاج و بحالی کا واحد بڑا مرکز ہے جو ہر قسم کی مالی اور انتظامی اسکینڈلز سے پاک ہے۔ ترجمان نے اس تاثر کو بھی گمراہ کن قرار دیا کہ پیراپلیجک سنٹر فلاحی تنظیم ‘فرینڈز آف پیراپلیجکس’ کو فنڈز فراہم کرتا ہے۔ درحقیقت یہ تنظیم ہمارے مریضوں کیلئے نعمت سے کم نہیں جو زیر علاج افراد باہم معذوری کیلئے کونسلنگ، تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد اور بعد از بحالی ان کی معاشی خود کفالت کیلئے سرگرم عمل ہے۔ یہ تنظیم سنٹر کی اہم معاون اور دیرینہ شراکت دار ہے جس نے ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ پیراپلیجک سنٹر پشاور ہر اُس فلاحی ادارے کو خوش آمدید کہتا جو کسی لالچ کے بغیر رضاکارانہ طور پر افراد باہم معذوری کے بحالی مشن میں اس کا ساتھ دیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پیراپلیجک سنٹر گزشتہ کئی برسوں سے معذور افراد کی جسمانی، نفسیاتی اور سماجی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔ اب تک 15,000 سے زائد پیراپلیجک مریضوں کا نہ صرف مفت علاج کیا گیا بلکہ انہیں پیچیدہ زخموں سے نجات دلا کر کسٹمائزڈ وہیل چیئرز اور ہزاروں دیگر مصنوعی سہارا جات فراہم کئے گئے۔ اسی طرح 5,000 سے زائد کلب فٹ یعنی پیدائشی ٹیڑھے پاؤں والے بچوں کو علاج کے بعد اپنے پیروں پر چلنے اور دوڑنے کے قابل بنایا گیا جو سنٹر کی بے مثال طبی اور انسانی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور نہ صرف جسمانی بحالی کا منفرد ادارہ ہے بلکہ معذور افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کیلئے بھی سرگرم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ادارہ خیبرپختونخوا کے افراد باہم معذوری کی جانب سے پیش کردہ 13 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈز کی بھرپور حمایت کرتا ہے جن میں تعلیم، روزگار، وظائف اور معاشی بحالی جیسے بنیادی مطالبات شامل ہیں۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کا محکمہ سماجی بہبود ان مطالبات پر سنجیدگی سے کام کر رہا ہے۔ تاہم ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر بعض شرپسند عناصر ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے جھوٹی افواہیں اور منفی پروپیگنڈا جاری رکھتے ہیں تو نہ صرف پیراپلیجک سنٹر بلکہ خیبرپختونخوا حکومت بھی ان افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور اس زہریلے پروپیگنڈے کے پیچھے چھپے افراد کو بے نقاب کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔ اس قسم کی مہمات صرف ادارے کی عزت کو ہی مجروح نہیں کرتیں بلکہ پوری صوبائی حکومت کی نیک نیتی اور خدمات پر بھی بے جا سوالات اٹھاتی ہیں۔ ترجمان نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ ان منفی رویوں کی حوصلہ شکنی کریں اور اس قومی اثاثے کو سیاست سے بالاتر ہو کر عزت دیں تاکہ گہرے بیڈ سورز کے ساتھ سنٹر میں داخل سینکڑوں افراد باہم معذوری کے علاج اور شبانہ روز خدمت کا یہ مشن مزید خلوص کے ساتھ جاری رکھا جاسکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos