نوشہروفیروز: متنازع کینالز کے خلاف مورو داد و بائی پاس دھرنے کے دوران پولیس اورمظاہرین مین جھڑپیں، دوطرفہ فائرنگ سے پولیس اہلکارسمیت 4 کارکنان زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد مظاہرین مشتعل ہو گئے اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے پولیس پر لاٹھی چارج کیا گیا، متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی ، مشتعل افراد نے وزیراداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار کا گھرنذرآتش کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرو فیروز میں متنازع کینالز کے خلاف مورودا دو بائی پاس پر احتجاجی دھرنا پُرتشدد صورت اختیار کر گیا۔ دھرنے کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں فریقین کی جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
جھڑپوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت 4 مظاہرین زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کے باعث مقامی آبادی شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔
احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کے گھر کو آگ لگا دی، جس سے گھر کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد علاقے کی فضا کشیدہ ہو گئی ہے، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت تمام دکانیں اور مارکیٹیں بند کرا دی گئی ہیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ میرے گھر کو آگ لگی ہے کچھ لوگ زخمی بھی ہیں،واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کرا رہا ہوں، پرامن احتجاج کی آڑ میں کسی کو بھی بدامنی پھیلانے نہیں دیں گے۔ ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos