راولپنڈی: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ انڈیا جھوٹے بیانیے پر آگ سے کھیل رہا ہے، جنگ مسلط کی گئی تو تیار ہیں، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اگر جنگ تھوپی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ انڈیا جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر آگ سے کھیل رہا ہے، ہم ہمیشہ جنگ کے لیے تیار ہیں، اگر جنگ چاہیے تو جنگ ہی سہی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایٹمی جنگ ’محض بیوقوفی‘ ہوگی، یہ ایسا راستہ ’باہمی تباہی‘ کا باعث بن سکتا ہے، جوہری جنگ ’ناقابل تصور اور نامعقول خیال‘ ہونا چاہیے۔ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، جنگ مسلط کی جاتی ہے تو ہر وقت تیار ہیں، انڈیا گھمنڈ کا شکار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت جس طرح بیانیے کو فروغ دے رہا ہے تو تنازع موجود ہے، اس تنازع میں چنگاری کسی بھی وقت ڈالی جا سکتی ہے۔ پاکستان اور انڈیا دونوں ایٹمی ریاستیں ہیں، ان کے درمیان فوجی تصادم ایک انتہائی بیوقوفانہ بات ہے۔ یہ ناقابل تصور ہے۔ یہ ایک غیرمعقول خیال ہے۔ لیکن آپ دیکھ رہے ہیں کہ کچھ عرصے سے انڈیا ایک ایسی صورتحال بنانے کی کوشش کر رہا ہے جہاں فوجی تصادم کے لیے گنجائش پیدا کی جا سکے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم دیکھتے ہیں کہ ہر چند سال بعد ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا جاتا ہے۔ یہ بیانیہ پرانا ہو چکا ہے۔ دنیا بھی اب جان چکی ہے کہ انڈیا کا پہلے دن سے جو موقف تھا، وہ بے بنیاد تھا۔ یہ ہر کچھ عرصے بعد دہرایا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ آگ سے کھیل رہے ہیں۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جو حالات بنے، اُن میں پاکستان نے ’بہت بالغ نظری سے‘ ردعمل دیا اور کشیدگی کو بڑھنے سے روکا اور اگر شدت پسندی کے کسی واقعے میں کسی پاکستانی شہری کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں تو ’ہمیں ثبوت دیے جائیں، ہم خود اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔‘
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم امن کو ترجیح دیتے ہیں، ہم امن سے محبت کرتے ہیں، ہم اس وقت پاکستان میں امن کا جشن منا رہے ہیں۔ لیکن ہم ہمیشہ جنگ کے لیے تیار رہتے ہیں۔
اس سوال پر کہ کیا جنگ اب بھی ایک آپشن کے طور پرموجود ہے، ان کا کہنا تھا کہ ’اصل تنازع اپنی جگہ موجود ہے، اور اس میں چنگاری کسی بھی وقت ڈالی جا سکتی ہے۔ آپ حالات کو دیکھیں، 10 مئی کے بعد کتنے دن گزر چکے ہیں مگر انڈیا میں جو بیانیہ چلایا جا رہا ہے وہ اب بھی جاری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos