مشتعل افراد نے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کے گھر کو آگ لگائی، فوٹو مقامی میڈیا
مشتعل افراد نے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کے گھر کو آگ لگائی، فوٹو مقامی میڈیا

نوشہرو فیروز میں 2 روز سے جاری احتجاجی دھرنا ختم

کراچی: نوشہرو فیروز میں 2 روز سے جاری احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا جبکہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت شروع ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نوشہرو فیروز میں مورو بائی پاس پر 2 روز سے دیا جانے والا دھرنا ختم ہوگیا۔ مذاکراتی کمیٹی پرعدم اعتماد کرتے ہوئے مورو قومی شاہراہ پر قوم پرست کارکنان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

متوفی زاہد لغاری کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے نوابشاہ اسپتال منتقل کردی گئی، مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔

ورثا کا کہنا ہے انتظامیہ ہٹ دھرمی پر قائم ہے، ہمارا مقدمہ داخل نہیں کیا جارہا، انتظامیہ کی مذاکراتی کمیٹی کو نہیں مانتے، وکلا کی مشاورت کے بعد خود ہی دھرنا ختم کررہے ہیں۔

ورثا نے بتایا کہ لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد رات یا صبح تدفین کریں گے جبکہ ورثا نے اعلان کیا کہ زاہد لغاری کے قتل کا مقدمہ داخل کرؤانے کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے، عدالتوں پر یقین ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا اور قتل کا مقدمہ پولیس و دیگر ملزمان پر داخل ہوگا۔

گزشتہ روز پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے وزیرداخلہ سندھ کے گھر پر دھاوا بول دیا، توڑ پھوڑ کی اور بعد ازاں گھر کو آگ لگا دی۔