اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ برس 26 نومبر احتجاج کے دوران گرفتار پی ٹی آئی کے 86 کارکنان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10،10 ہزار کے ضمانتی مچلکوں پررہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پی ٹی آئی کے کارکنان کی ضمانت بعد گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے علی بخاری، سردار مصروف، زاہد بشیر ڈار سمیت دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کی ضمانتیں منظور کیں۔
علی بخاری ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ کارکنان کے ضمانتی مچلکے کم مالیت کے رکھے جائیں تاہم عدالت نے پی ٹی آئی کارکنان کے ضمانتی مچلکوں کی رقم کم کرنے کی استدعا بھی منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 86 کارکنان کی ضمانتیں 10، 10 ہزار مچلکوں کی عوض منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزمان دیگر مقدمات میں مطلوب نہ ہوں تو ضمانت کے بعد انہیں رہا کر دیا جائے۔