اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، پرائیویٹ ٹور آپریٹرز عازمین کو پہنچنے والے نقصان کے ذمے دار ہیں، پرائیویٹ اسکیم کے تحت 25 ہزار 698 عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نےپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ کی حج پالیسی نومبر میں منظور ہوئی تھی، جس کے بعد اس پر عمل در آمد ہوا، میں نے مارچ میں ذمہ داری لی اور انتظامات دیکھنا شروع کیے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں عازمین کے لیے 50 فیصد کوٹہ سرکاری اور اتنا ہی نجی شعبے کے لیے ہے، سرکاری کوٹہ وزارت کی ذمہ داری ہے، سرکاری کوٹہ پر بروقت کام ہوا، حاجیوں کی منظوری بھی بروقت ہوئی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ نجی شعبے میں بروقت اقدامات نہیں ہو سکے، نجی شعبے میں آپریٹرز نے تاخیر سے کام لیا، سعودی گائیڈ لائنز کے منافی کام کیا گیا، پرائیویٹ ٹور آپریٹرز عازمین کو پہنچنے والے نقصان کے ذمہ دار ہیں۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ میں دوبار سعودی عرب گیا، سعودی وزیر حج سے بھی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے بھی معاملے کا فوری نوٹس لیا تھا، بعض لوگوں کی غفلت اور کوتاہی کی وجہ سے کچھ لوگ حج پر نہیں جاسکیں گے، غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے 14 فروری تک پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو 25 فیصد رقم جمع کرانے کی ہدایت کی تھی، ڈیڈ لائن بڑھانے کے باوجود پرائیویٹ ٹور آپریٹرز نے صرف 10 ہزار مزید عازمین کی رقم جمع کرائی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی بنائی گئی انکوائری کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے، رپورٹ کی بنیاد پر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos