ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے تحت پاکستان کی فتح پر تقریب تشکر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد کے زیر اہتمام پاکستان کی عظیم فتح پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یوم تشکر منایا گیا. نیشنل پریس کلب میں منعقدہ یوم تشکر کی تقریب سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سینیٹر طلحہ محمود، صدر ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن لقمان شاہ، خورشید ہزاروی اور دیگر نے خطاب کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ بھارت کے مقابلے میں اللہ نے ہمیں سرخرو کیا۔ دشمن کے مقابلے میں جشن منانا ضروری ہے، اس جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی ، جنگ سے قبل تنقید بھی کی جاتی تھی، دشمن نے جب ہمیں للکارا تو قوم سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔ یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔دشمن نے اب بلوچستان میں بچوں پر حملہ کیا ہے۔ اس موقع پر سینیٹر طلحہ محمود نے کہاکہ خطے میں طاقت کا توازن اب پاکستان کے حق میں ہوگیا ہے۔ پاکستان ایک مشکل مرحلے میں سرخرو ہوکر نکلا ہے۔ جیت پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ صدر ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن لقمان شاہ نے کہا کہ بھارت میدان میں شکست کھانے کے بعد پراکسیز کے ذریعے بچوں کو شہید کرنے پر اتر آیا ہے افواج پاکستان، حکومت، اپوزیشن، میڈیا سب نے ملکر بھارت اور اس کے سرپرستوں کو سبق سکھا دیا ہے. تقریب میں بڑی تعداد میں ہزارہ کے صحافی شریک ہوئے.