فائل فوٹو
فائل فوٹو

مال بردار ٹرین 15 جون سے روس تک جائے گی، وزیر ریلوے

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ 15 جون سے مال بردار ٹرین روس تک جائے گی۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ راولپنڈی سے لاہور تک نیا ٹریک بھی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال 10 ارب روپے سے بنائیں گے جبکہ نالہ لئی کا منصوبہ بھی بنایا جائے گا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ جب ہندوستان نے دھماکے کیے تو جواب میں نواز شریف نے چھ دھماکے کیے اور آج ہم نیوکلیر پاور ہیں، ہماری سوچ نواز شریف کے نام سے شروع ہوتی ہے اور نواز شریف کے نام پر ختم ہوتی ہے۔قبل ازیں، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے چکلالہ اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹیشن کی صفائی اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

یومِ تکبیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دشمن کے چھ جنگی طیارے گرائے اور ایک ہزار بھارتی فوجی ہلاک کیے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت اب دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ بھارت نے جب پاکستان پر جنگ مسلط کی تو معصوم بچوں کو بھی شہید کیا گیا، لیکن بھارت نے پاکستان کو کمزور سمجھ کر بہت بڑی غلطی کی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے مودی کی غلط فہمی کو رافیل طیارے گرا کر دور کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی طاقت کے طور پر ابھرا ہے اور دشمن کو ہماری طاقت کا بھرپور اندازہ ہو چکا ہے۔