پی پی 52 سیالکوٹ ضمنی الیکشن، حنا ارشد کو برتری حاصل

پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آ رہے ہیں۔

پی پی 52 سیالکوٹ کے 185 پولنگ اسٹیشنز میں سے 86 کا نتیجہ آ گیا، جن میں ن لیگ کی حنا ارشد وڑائچ کو برتری حاصل ہے۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق حنا ارشد وڑائچ 38232 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار فاخر نشاط گھمن 19561 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 52 کی نشست ن لیگ کے ایم پی اے ارشد وڑائچ کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔

ن لیگ کی امیدوار حنا ارشد، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط اور پیپلز پارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ آج میدان میں اترے تھے۔

حلقے میں 38 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 11 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔

حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 185 ہے، جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 57 ہزار 725 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 460 ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف نے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگا یا ہے۔