پیراپلیجک سنٹر پشاور میں جدید کلب فٹ تربیتی پروگرام کا انعقاد۔

پشاور: پیراپلیجک سنٹر پشاور نے ننھے بچوں کے پاؤں کی پیدائشی ٹیڑھ (کلب فٹ) کے علاج کیلئے میراکل فیٹ کے اشتراک سے دو روزہ اے سی ٹی (ایڈوانسڈ کلب فٹ ٹریٹمنٹ) تربیتی کورس کا کامیاب انعقاد کیا جو سنٹر کے مرکزی کیمپس کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیب سیمینار ہال میں منعقد ہوا۔

اس منفرد تربیتی پروگرام کا مقصد "پونسیٹی طریقہ علاج” کی جدید تربیت فراہم کرنا تھا جو کلب فٹ بچوں علاج کیلئے دنیا بھر میں سب سے زیادہ مؤثر اور کم خرچ طریقہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس طریقہ کار میں بغیر سرجری پیدائشی ٹیڑھے پاؤں کی ہڈیوں کو مخصوص کاسٹنگ اور بریسنگ تکنیک کے ذریعے بتدریج سیدھا کیا جاتا ہے۔ علاج کے ہر مرحلے میں والدین کی شمولیت اور مسلسل پیروی مرکزی اہمیت رکھتی ہے۔

اس دو روزہ تربیتی نشست میں خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں کے علاؤہ اسلام آباد اور مظفرآباد میں قائم کلب فٹ کلینکس کے ماہرین، فزیوتھراپسٹ اور آرتھوپیڈک سرجنز نے شرکت کی۔ انہیں تربیت دینے کی ذمہ داری پیراپلیجک سنٹر کے ماہرین ڈاکٹر فہد جمیل، ڈاکٹر اعجاز احمد اور ڈاکٹر خُکلا امتیاز نے نبھائی جبکہ پورے دو روزہ کورس کی مجموعی نگرانی ڈائریکٹر ری ہیب اور پروگرام کوارڈینیٹر ڈاکٹر عامر زیب نے انجام دی۔ ٹرینرز نے شرکاء کو نہ صرف عملی مہارتوں کی تربیت دی بلکہ مریضوں سے مؤثر رابطہ، والدین کی مشاورت اور کیس فالو اپ کے جدید تقاضوں سے بھی روشناس کروایا۔

پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے اختتامی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم کلب فٹ جیسے اذیت ناک مگر قابل علاج عارضے کو جڑ سے ختم کرنے کے مشن پر گامزن ہیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ خیبرپختونخوا ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں کوئی بھی ایسا بچہ نہ رہے جسے بروقت اور معیاری علاج نہ مل سکے۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ فعال کلینکس کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں اور شہروں میں بھی اس پروگرام کو توسیع دی جا رہے ہے۔ اب گلگت اور بنوں میں بھی ایک ایک نیا کلب فٹ کلینک قائم کیا جا رہا ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے بچوں کو گھر کے قریب علاج میسر آ سکے۔ ڈاکٹر الیاس سید کا کہنا تھا کہ تمام متاثرہ بچوں، والدین تک رسائی، رہنمائی اور علاج کی مکمل سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پروگرام کوارڈینیٹر ڈاکٹر عامر زیب کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف ماہرین کی مہارتوں کو بہتر بنایا گیا بلکہ بین الصوبائی روابط کو بھی تقویت دی گئی تاکہ متحدہ اور مؤثر علاج کا نظام ممکن ہو سکے۔ پیراپلیجک سنٹر پشاور اور میراکل فیٹ کی مشترکہ کوششوں سے کلب فٹ کا مکمل مفت اور معیاری علاج اب حقیقت بنتا جا رہا ہے، ایک ایسا مستقبل جہاں ہر بچہ بغیر کسی جسمانی رکاوٹ کے اپنے قدموں پر کھڑا ہو سکے۔