اسلام آباد: مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد نے عید قربان کے موقع پر ایک جامع فلاحی مہم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت عید کے پہلے دن شہر بھر کے مستحقین میں منظم سروے کی بنیاد پر قربانی کا گوشت تقسیم کیا جائے گا، جب کہ عید کے دوسرے دن شام 5 بجے آئی ایٹ مرکز، رحمان بابا روڈ پر ایک عظیم الشان دعوتِ عام کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شہریوں کو اپنے اہل خانہ سمیت شرکت کی کھلی دعوت دی گئی ہے۔ پارٹی کے ضلعی صدر انعام الرحمن کمبوہ کے مطابق اس مہم کا مقصد عید کی خوشیوں کو محدود طبقے تک نہیں بلکہ پورے معاشرے تک پہنچانا ہے تاکہ ایثار، اخوت اور یکجہتی کا پیغام عام ہو۔ گوشت کی تقسیم کے لیے رضاکاروں کی ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں پہلے سے کیے گئے سروے کی بنیاد پر حقیقی مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچائیں گی، جب کہ دعوتِ عام میں ہر عمر اور طبقے کے افراد کی شرکت متوقع ہے۔ تقریب کو مکمل فیملی ایونٹ کی صورت دی جا رہی ہے جس میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ یہ سرگرمی کسی سیاسی تشہیر کا حصہ نہیں بلکہ خالص انسانی خدمت کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد اسلام آباد کے شہریوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور خوشیوں کو بانٹ کر فاصلے مٹانا ہے۔ انعام الرحمن کمبوہ نے کہا کہ یہ فلاحی اقدامات پارٹی کی جاری خدمت پالیسی کا تسلسل ہیں، جو مفت دسترخوان، فری میڈیکل کیمپس، پانی کی فراہمی اور تربیتی منصوبوں پر مبنی ہے، اور ہم عید کے دنوں کو اجتماعی خوشی و خدمت کا ذریعہ بنا کر ایک بہتر اور مربوط معاشرے کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos