فائل فوٹو
فائل فوٹو

سندھ ، انٹر سال اول کے داخلے 15 جون سے شروع کرنے کااعلان

کراچی: محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے کراچی سمیت پورے صوبے کے 375سرکاری کالجوں کے لیے انٹر سال اول کے داخلوں کا اعلان کردیا۔

محکمہ کالج ایجوکیشن نے سندھ الیکٹرانک سینٹرلائزڈ کالج ایڈمیشن پروگرام کے تحت سرکاری کالجوں میں سیشن 2025-26 کے لیے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر گیارہویں میں داخلوں کی منظوری دے دی ہے۔

 جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق داخلے 15 جون 2025ء سے آن لائن شروع ہوں گے اور امیدواروں سے ویب سائٹ seccap.dgcs.gos.pk پر درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جولائی 2025ء ہوگی۔ 22 جولائی 2025ء تک کالجوں میں داخلوں کے لیے تمام فیکلٹیز کی پلیسمنٹ فہرستوں کا اجراء کردیا جائے گا جبکہ بارہویں جماعت کے لیے کالجوں میں کلاسز کا آغاز یکم اگست 2025ء سے ہوگا۔

کراچی کے 154کالجوں میں تقریبا 1 لاکھ سے زائد طلبہ کو داخلے دیے جائیں گے اور نئے ضابطے کے تحت اب صرف اے ون اور اے گریڈ کے حامل طلبہ شہر کے کسی بھی کالج میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جبکہ ” بی ، سی ، ڈی اور ای“ گریڈ لینے والے طلبہ صرف اپنے رہائشی زون میں واقع کالجوں میں داخلے کے اہل ہوں گے جسے کالج زون پالیسی کا نام دیا گیا ہے۔

یہ داخلے سندھ الیکٹرونک سینٹرلائزڈ کالج ایڈمیشن پروگرام(ایس ای سی سی اے پی ) کے تحت دیے جائیں گے جس کے لیے طلبہ سے پورٹل seccap.dgcs.gos.pkپر درخواستوں لی جائیں گی داخلوں کا آغاز 15 جون سے ہوگا اور 15 جولائی تک داخلہ فارم پورٹل پر جمع ہوگا جبکہ 22 جولائی کو تمام فیکیلٹیز کی پلیسمنٹ لسٹ جاری ہوجائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب کے مطابق سرکاری کالجوں میں انٹر سال اول کی کلاسز 5 اگست جبکہ سال دوئم کی کلاسز یکم اگست سے شروع ہوجائیں گی داخلہ پراسس کے لیے آئی ٹی سسٹم سندھ سیکریٹریٹ سے ڈائریکٹوریٹ آف کالجز منتقل کردیا گیا ہے،علاوہ ازیں سندھ میں پہلی بار کالجوں میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کی سہولت اور رہنمائی کے لیے سندھ الیکٹرانک سینٹرلائزڈ کالج ایڈمیشن پروگرام کے تحت خصوصی کمیٹیاں اور ہیلپ سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے چھوٹے اضلاع میں ایک طلبا کے کالج اور ایک طالبات کے کالج میں ہیلپ سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں تجربہ کار فوکل پرسنز تعینات کیے جائیں گے۔

ہر ہیلپ سینٹر میں مقرر فوکل پرسن داخلے کے عمل، پالیسی، شکایات اور دیگر مسائل کے حل میں طلبہ کی رہنمائی کرے گا، جبکہ مضامین کے انتخاب سے متعلق مشورہ بھی فراہم کیا جائے گا، یہ اقدامات وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کی منظوری کے بعد کئے گئے اس فیصلے کی روشنی میں سیکریٹری کالجز سندھ شہاب قمر انصاری کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی کو ہدایت کی گئی کہ 15 جون 2025 سے کالجز میں ہونے والے داخلوں میں ہیلپ سینٹرز قائم کیے جائیں۔