فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا
فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا

لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں لگنے والی آگ پر 30 سے زائد گھنٹوں کے بعد قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

آگ پر 30 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔فائربریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں موجود کیمیکل اور کپڑے کے باعث آگ پر قابو پانے میں وقت لگا، کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے لیکن یہ کئی گھنٹوں پر محیط ہوسکتا ہے۔

واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔قبل ازیں فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ شعلوں کو بڑھنے سے روک دیا گیا ہے جس سے آگ پھیلنے کا خطرہ نہیں۔

تینوں فیکٹریوں میں مختلف حصوں میں آگ لگی تھی، فیکٹریوں کے اندر جانے کے راستے بند تھے جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔آتشزدگی کا واقعہ ہفتے کی رات 3 بجے پیش آیا تھا، آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا تھا۔

تینوں فیکٹریوں کی عمارتوں کو بھی مخدوش قرار دیا گیا۔ فیکٹری کا ایک حصہ گرنے سے 5 افراد بھی زخمی ہوئے جن میں کے ایم سی کے فائر فائٹرز موجود تھے۔ آتشزدگی کے نتیجے میں بھاری مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔