ایران نے اسرائیل کے 2 ایف 35 اسٹیلتھ جنگی طیارے مار گرائے

ایران نے اسرائیل کے 2 ایف 35 اسٹیلتھ جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی نے شدت اختیار کرلی ہے، ایران نے ہفتہ کی صبح اسرائیل پر پانچواں بڑا حملہ کیا جس میں درجنوں میزائل داغے گئے۔

ایران کی جانب سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں میزائلوں سے 5 مقامات پر تباہی ہوئی اور ایک 32 منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی۔

ان حملوں کے دوران وسطی اسرائیل میں 9 مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور متعدد عمارتوں کو نقصان ہوا، ایرانی حملوں کے نتیجے میں 4 اسرائیلی ہلاک اور 63 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق دھماکوں کی آوازیں تل ابیب، یروشلم اور گش دان میں سنی گئیں جس سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔ تل ابیب میں اسرائیلی جوہری تحقیقی مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

پاسداران انقلاب کے مطابق آپریشن وعدہ صادق 3 میں اسرائیل میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اسرائیل پر 300 سے زائد میزائل داغے جا چکے ہیں۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا کہ ایران نے اسرائیل کے 2 ایف 35 اسٹیلتھ جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے 200 بیلسٹک میزائل داغے ہیں جن میں سے متعدد کو فضا میں ہی ناکارہ کر دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔