جناح میڈیکل کمپلیکس جدید سہولیات سے مزین ہسپتال ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس جدید ترین طبی تحقیق کے لئے آلات سے لیس ہو گا۔ شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے حوالےسے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لئے بہترین طبی سہولیات سے مزین ہسپتال ہوگا۔ وزیراعظم نے منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں 100 فیصد شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ہسپتال کے حوالے سے چین، ترکیہ، جنوبی کوریا اور سنگاپور میں روڈ شوز منعقد کئے گئے۔ ان روڈ شوز میں عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے دو کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا گیا، جن میں 10 ممالک کی 33 کمپنیوں نے شرکت کی۔