اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
سی ایم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف اورایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے ایران اسرائیل جنگ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کے بعد ایران پر امریکی حملوں کی مذمت کی، ان کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا پاکستان ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کرتے ہیں جب کہ زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حملوں میں ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو آئی اے ای اے کے تحفظ کے تحت تھیں، یہ حملے آئی اے ای اے کے قانون اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
وزیر اعظم نے دوران گفتگو امن کے لئے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات اور سفارتکاری آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے، کشیدگی میں کمی کیلئے فوری اجتماعی کوششیں ناگزیز ہیں ، اس تناظر میں پاکستان تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا نے اسرائیل کی بے بسی دیکھ کر خود میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔
مسعود پزشکیان نے یہ بھی کہا کہ ایرانی قوم بارہا ثابت کرچکی کہ وہ اپنی سر زمین کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہاتے ہیں، ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی پر آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ایرانی صدر نے دوران گفتگو حکومت اور پاکستان کے عوام بشمول عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے اس نازک موڑ پر امت کے درمیان اتحاد قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos