نئے اسلامی سال کے آغاز پر مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب آج بعدازنمازِعصر منعقد ہو گی، جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
غلافِ کعبہ کی تیاری اور تبدیلی کا عمل خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں گورنر مکہ مکرمہ کی سربراہی میں انجام پائے گا، جس میں مسجد الحرام کے آئمہ کرام، کسوہ فیکٹری کے ماہرین، اعلیٰ حکام اور خصوصی ٹیم شریک ہوگی۔
غلافِ کعبہ کی تیاری کے عمل میں دو سو سے زائد ماہر کاریگر اور فنکار شریک ہوتے ہیں، کسوہ فیکٹری میں 11 ماہ کی مسلسل محنت سے تیار کیا گیا یہ نیا غلاف مجموعی طور پر 1,415 کلوگرام وزنی ہے۔
غلاف کعبہ میں 1,000 کلوگرام خالص ریشم استعمال کیا گیا ہے، جب کہ اس پر 120 کلوگرام سونے اور 100 کلوگرام چاندی سے تیار کردہ دھاگوں سے قرآنی آیات کی کشیدہ کاری کی گئی ہے،یہ غلاف چار بڑے ٹکڑوں کے ساتھ درمیانے اور چھوٹے 47 حصوں پر مشتمل ہے۔
تقریب کا آغاز نمازِ عصر کے بعد پرانے غلاف کے سنہری حصوں کو احتیاط سے ہٹانے سے ہوگا، جبکہ مکمل طور پر نیا غلاف نمازِ عشاء کے بعد کعبہ شریف پر چڑھایا جائے گا،یہ روایت ہر سال یکم محرم کو ادا کی جاتی ہے اور حرمین شریفین کی تاریخ میں اسے ایک مقدس عمل کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos