سوات: خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں سے دریائے سوات بپھر گیا، سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، ایک ہی خاندان کے 15 افراد سمیت 78 افراد بہہ گئے، 7 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں جبکہ 60 افراد کو بچا لیا گیا ہے، پاک فوج کے دستے بھی امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچ گئے ہیں۔
کمشنر مالاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے بتایا ہے کہ سیلاب کے باعث اب تک 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، 10 سیاحوں کی تلاش جاری ہے جبکہ اب تک 60 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 سوات کے ترجمان نے بتایا کہ تمام ٹیمیں ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہیں، براما خیلہ مٹہ سے 30 افراد اور امام دھیرئی کے مقام پر 22 افراد کو ریسکیو کیا گیا، انگر وڈھیرئی سے 3 افراد کی نعشیں نکالی گئیں، پنجگرام کے مقام پر ایک شخص ڈوب گیا، غالیگے سے بھی ایک لاش ملی ہے۔
ڈسکہ سے سیر کے لیے جانے والے شہری عدنان نے بتایا کہ میرے خاندان کی 4 خواتین اور 6 بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے جبکہ ہمارے علاوہ بھی 3 افراد دریا برد ہو گئے، صبح ناشتے کے لیے دریائے سوات کے کنارے موجود تھے کہ اچانک سیلاب آ گیا۔
ڈی جی ریسکیو خیبرپختونخوا شاہ فہد نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں سیلاب میں پھنسے ہوئے 30 افراد کو بچا لیا گیا ہے، دریائے سوات میں ابھی پانی کی سطح بلند ہے، 5 مختلف علاقوں میں تلاش کا کام جاری ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ 80 اہلکار ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں، پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری ہیں، خراب موسم اور دریا کی تیز روانی کے باعث باقی سیاحوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اب تک 7 افراد کی نعشیں مل گئی ہیں۔
پاک فوج سوات میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پہنچ گئی، پاک فوج کے دستے ریسکیو اور ریلیف مشن میں ریسکیو 1122 کے ہمراہ حصہ لے رہے ہیں۔
پاک فوج کے دستے ضروری ساز و سامان سے لیس ہیں، اب تک تین لوگوں کو زندہ بچایا جا چکا ہے جب کہ سات لاشیں نکالی جا چکی ہیں، صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں مزید دستوں کو بھی روانہ کیا جائے گا۔
دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلاب کے پیش نظر چارسدہ میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا، خوازہ خیلہ میں پانی کا اخراج 77782 کیوسک ہو گیا ہے جوکہ اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos