فوٹو مقامی میڈیا
فوٹو مقامی میڈیا

بھارت کوتاریخی شکست ہوئی، ہم پھر بھی امن کی بات کرتےہیں، بلاول

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ہم جنگ جیتنےکےباوجود امن کی بات کرتےہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پریس کلب دعوت پرشکرگزارہوں، بھارت کےخلاف پاکستان کوتاریخی فتح حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہم سے7گنا بڑا ملک اوروسائل میں بھی زیادہ ہے، بھارت کوتاریخی شکست ہوئی، ہم نےانڈیا کو سفارتی سطح پر بھی شکست دی، بیانیےکےمحاذ پربھی پاکستان فتح یاب ہوا، جنگ کےدوران پاکستان کے میڈیا کا کرداربھی تاریخی تھا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کےمحاذ پر بھی بھارت شکست کھاگیا، بیانیےکی جنگ میں پاکستانی میڈیا نےصف اوّل کا کردارادا کیا، پانچ دن کی جنگ میں پاکستانی میڈیا نے اپنی ساکھ بنائی، ہمیں پاکستانی میڈیا پر فخرہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  بھارت نے پہلگام واقعےکا بے بنیاد الزام پاکستان پر لگایا، وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ ہم شفاف تحقیقات کرانے کے لیے تیارہیں، اب شفافیت مشکل مرحلہ نہیں، سیٹلائٹ کا زمانہ ہے، ہم نسل درنسل کشمیر کے لیے لڑتے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان معاشی طور پر ترقی کرے اورعوام کو فائدہ ہو۔

ان کا  مزیدکہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہےڈونلڈ ٹرمپ کی سیزفائرکی کوشش ناکام ہو، پاکستان نےایک ذمہ دارنیوکلیئراسٹیٹ کا کردارادا کیا ہے، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ملک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی چاہتا ہے کہ آنے والی نسلوں کو پانی پر لڑائے اور یہ ہمیں قبول نہیں، پاکستان اور بھارت کی نئی نسل جنگ کے پیغام پر نہیں جائیں گے، امن کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خطے کے نوجوان امن و رواداری چاہتے ہیں، سیز فائر ہوا تو تسلیم کیا گیا تھا کہ تمام متنازع امور پر بات چیت کریں گے، بھارت پہلے سیز فائر کہتا تھا اب کہتا ہے یہ ایک توقف ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب مودی کہتا ہے کہ میری گولی کھاؤ تو ان کا مائنڈ سیٹ تو سب کے سامنے ہے، ہمیں بھارتی عزائم نظر آ رہے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش بھی ناکام ہو گی، بھارت کو اندازہ نہیں تھا کہ ہم ان کے جہاز اس طرح گرا دیں گے، بھارت کو ایسی کوئی توقع نہیں تھی، وہ سیز فائر کے لیے مجبور ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مودی ٹرمپ کو کہیں نہ کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے میں نے تو سیز فائر کا نہیں کہا، ہم نے اس مشن پر کشمیر پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، سفارتی کوشسوں کے بعد اب دنیا کشمیر کو دوسری طرح دیکھ رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکی صدر اور بھارت کے جیو پولیٹیکل دوست بھی کشمیر کو مسئلہ تسلیم کر رہے ہیں، بھارت کی کوشش تھی کہ پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دلوایا جائے، پاکستان نے ہر مورچے پر بھارتی ایجنڈے کو ناکام کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے یہ دیکھا کہ فیٹف پر بھی کام مکمل کیا گیا، اس وقت جب بھارت ہمیں دہشت گرد قرار دلوانا چاہتا ہے، امریکا اقوامِ متحدہ میں کہتا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فطری اتحادی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت پانی روکنے کی دہشت گردانہ دھمکی دیتا ہے، ہمارا مؤقف ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت ہم اپنا پانی لیں گے، ہم اپنا پانی لینے کے لیے لڑیں گے، معاہدہ تسلیم نہ کیا گیا تو آخری کنارے پر رہنے کے ناتے تمام 6 دریاؤں پر ہمارا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی پہلے گجرات پھر کشمیر کا قصائی بنا، اب وہ انڈس ویلی کا قصائی بننا چاہتا ہے، اگر بھارت سپر پاور بننا چاہتا ہے تو پھر ایسے چھوٹے کام نہیں کیے جاتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا آرمی چیف کا دورہ تاریخی اور بے مثال ہے، آرمی چیف کے دورے میں سب سے بڑا کردار جنگ جیتنے کا تھا، جنگ کے بعد بھارت سے دنیا کی بہت ساری امیدیں ٹوٹیں۔