اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق 29 جون یعنی آج سے پانچ جولائی تک ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا خطرہ ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بالاکوٹ، مری اور گلیات میں موسلادھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی موسلا دھار بارش سے ندی اور نالوں میں شدید طغیانی کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کے پی میں 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید موسلا دھار بارش کا امکان ہے، سوات، چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں اور وزیرستان میں سیلاب کی صورتحال کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ دریائے سوات، پنجکوڑا اور ندیوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے، دریائے کابل میں کم درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا قوی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos