ملک دشمن قوتیں ایک بار پھر پاکستان کو عدم استحکام، افراتفری اور دہشت گردی کی دلدل میں دھکیلنے کے لیے سرگرم ہیں، مگر افواجِ پاکستان نے آپریشن "بنیان المرصوص” میں جس جرأت، حکمت اور مہارت سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے، اس پر پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے—ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ عظیم الشان تنظیمی و دعوتی تربیتی نشست میں قائدین نے کیا۔ مقررین نے کہا کہ دشمن اب بھی شکست تسلیم کرنے کو تیار نہیں اور قوم کو فرقہ واریت، لسانیت اور فتنہ پروری کی آگ میں جھونکنے کی سازشوں میں مصروف ہے، ایسے میں مرکزی مسلم لیگ کا فرض ہے کہ وہ قوم کو اتحاد، شعور اور مزاحمت کا پیغام دے۔ نشست میں ہزاروں کارکنان، مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں کارکنان کی فکری و نظریاتی تربیت، موجودہ سیاسی و سماجی حالات کا تنقیدی جائزہ، اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔ مقررین نے سوات میں حالیہ سیلابی ریلے کے متاثرین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بروقت اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ تربیتی نشست میں ملک بھر میں سرگرم فلاحی و تنظیمی اداروں کی خدمات کو سراہا گیا اور رضاکارانہ خدمت کے جذبے کو اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری سیف اللہ قصوری، مرکزی رہنما حافظ عبدالرؤف، اسلام آباد زون کے صدر احسان اللہ منصور، انعام الرحمن کمبوہ، رانا زاہد مقبول، یاسر عرفات بٹ، شوکت سلفی، سردار سلیم الیاس سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی اور مدلل و فکر انگیز خطابات کیے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos