مری دیول بازار میں 4 کروڑ کے زیورات چوری

دیول ( نمائندہ امت) مری کے علاقے دیول بازار میں جیولری شاپ پر چوری کی بڑی واردات میں چار کروڑ روپے کا زیور چرا لیا گیا۔یہ مری کی تاریخ کی سب سے بڑی واردات ہے جس میں ملزمان نے رات کو نہایت مہارت سے سیڑھی لگا کر دکان کی عقبی جانب سے نقب لگائی اور ایک کلو گرام کے قریب زیورات کے علاوہ تقریباً 12 لاکھ روپے نقدی بھی لے اڑے۔واردات کا شکار ہونے والی مدینہ جیولرز کا مالک صبح دکان کھولنے پہنچا تو اسے چوری کا علم ہوا جس پر بازار کے تمام تاجر جمع ہو گئے اور خاقان عباسی روڈ دیول بازار سے بند کر کے احتجاج شروع کر دیا

 

 

جس کے نتیجے میں مری سے آزاد کشمیر آنے اور جانے والا ٹریفک معطل ہو گیا۔احتجاج دو سے تین گھنٹے جاری رہا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ پولیس نے تسلی بخش کارروائی نہ کی تو مری اور آزاد کشمیر کے درمیان دونوں شاہراہوں کو بند کر دیا جائے گا۔بعد ازاں اے ایس پی مری اور ایس ایچ او کے ہمراہ پولیس ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور موقع سے فرانزک شواہد جمع کئے۔دیول بازار کے تاجروں اور انجمن تاجران مری کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر پولیس نے مسروقہ مال برآمد نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا

 

 

اور تمام تر حالات کی ذمہ دار مری کی انتظامیہ ہوگی۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک شواہد کی چھان بین میں دو ہفتے کا وقت درکار ہو گا تاہم اس دوران دستیاب شواہد کی بنیاد پر ملزمان کی گرفتاری کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔واضح رہے کہ دیول بازار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے آبائی گاؤں میں واقع ہے۔