انڈر 18 ہاکی ایشیاء کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو 0-9 سے شکست دے دی جبکہ میچ کے دوران قومی ٹیم کے کھلاڑی آسام حیدر نے تین گول سکور کرکے ہیٹرک مکمل کی۔
چین کے شہر دازھو میں کھیلے جانے والے انڈر 18 مینز ایشیاء کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو صفر کے مقابلے میں نو گول سے شکست دیدی،کھیل کے پہلے ہاف میں پاکستان کی جانب سے آسام حیدر نے تین گول سکور کرکے ہیٹرک مکمل کی ،عبداللہ اعوان، زبیر لطیف اور عاطف علی نے ایک، ایک گول سکور کیا۔
کھیل کے دوسرے ہاف میں پاکستان ٹیم کے عدیل نے یکے بعد دیگرے دو گول ،عاطف علی نے اپنا دوسرا گول سکور کیاسری لنکا ٹیم کھیل کے اختتام تک گول کرنے میں ناکام رہی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد علی خاں نے قومی انڈر 18 ٹیم کو ایونٹ کی مسلسل دوسری کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اگلے میچز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos