خار، باجوڑ:ضلع باجوڑ میں بدامنی، بم دھماکوں اور عوامی بے چینی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں جماعت اسلامی باجوڑ کے زیرِ اہتمام جامعہ احیاء العلوم خار میں "امن گرینڈ جرگہ” کا انعقاد کیا گیا۔ جرگے میں ایم پی اے نثار باز، ڈیڈک چیئرمین ڈاکٹر حمید، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان، علمائے کرام، مشران اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جرگے میں باجوڑ کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ قبائلی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور تعلیم و روزگار کے مواقع اسی وقت ممکن ہیں جب امن قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ خاموشی کو توڑ کر عملی اقدام کیا جائے اور تمام طبقات مل کر دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف متحدہ آواز بلند کریں۔
جرگے کے اختتام پر دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والوں کے لیے دعا مغفرت کی گئی، جبکہ ایک اہم اور تاریخی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے 13 جولائی بروز اتوار باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں ایک عظیم الشان "امن پاسون” کے انعقاد کا اعلان کیا گیا۔
منتظمین کے مطابق اس پاسون میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے، جو باجوڑ کے عوام کی جانب سے امن، استحکام اور انصاف کے حق میں ایک اجتماعی اور پرامن پیغام ہوگا
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos