فائل فوٹو
فائل فوٹو

فلمساز جمشید محمود عرف جامی کو ہتکِ عزت کے کیس میں 2 سال قید

کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے ڈائریکٹر جمشید محمود عرف جامی کے خلاف دائر ڈائریکٹ کمپلین کا فیصلہ سنادیا، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر جمشید محمود عرف جامی کو دو سال قید کی سزا سنادی۔جامی کے ایک ساتھی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ جامی کو عدالت سے ہی گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق جمشید محمود عرف جامی پر 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

جمشید محمود جامی کے خلاف ڈائریکٹر سہیل جاوید نے پرائیویٹ کمپلین دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ جمشید محمود نے جامشورو لاہوتی میلے میں جنسی زیادتی سے بچ جانے والی ایک گمنام لڑکی کا خط پڑھا تھا۔

بعدازاں جمشید محمود نے وہ خط سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردیا تھا، پوسٹ کے کمنٹس سیکشن میں بہت سے لوگوں نے اندازہ لگایا تھا کہ لڑکی پر جنسی حملہ کرنے والے سہیل جاوید ہیں۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ جمشید محمود عرف جامی نے ان قیاس آرائیوں کو روکنے یا الزام کی تردید نہیں کی۔