فائل فوٹو
فائل فوٹو

اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ورثا کے حوالے، تدفین لاہور میں ہو گی

کراچی: ڈیفنس کے علاقے میں فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے لواحقین نے لاش کے حصول کے لیے قانونی کارروائی مکمل کرلی، حمیرا کی میت ورثا کے حوالے کردی  گئی، اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ حمیرا کے بھائی اور بہنوئی میت وصول کرکے لاہور لے جائیں گے، حمیرا اصغر کی تدفین بھی لاہور میں ہوگی۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ سے ماڈل اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ محظور علی نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمیرا کے بھائی اور بہنوئی لاہور سے کراچی آئے ہیں، قانونی کارروائی کے بعد لاش ان کے حوالے کردی جائے گی، دونوں میت وصول کرکے لاہور لے جائیں گے، حمیرا اصغر کی تدفین بھی لاہور میں ہوگی۔

ایس ایس پی نے کہا کہ میں نے پوچھا آپ حمیرا سے رابطے میں تھے، جس پر اہل خانہ نے ایس ایس پی کو جواب دیا کہ وہ ہم سے رابطے میں رہتی تھیں۔

محظور علی نے بتایا کہ حمیرا کے ڈرگ استعمال کرنے کے کوئی شواہد نہیں ملے، سی ڈی آر سے پتہ چلا کے اکتوبر کے آخر میں رابطہ میں تھیں، فریج سے ملنے ایشیا کی ایکسپائری بھی اکتوبر کی ملی ہے، یوٹیلیٹی بل، کے الیکٹرک بل بھی ماہ اکتوبر کے ملے ہیں، عدم ادائیگی پر کے الیکٹرک نے بجلی منقطع کردی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالک مکان کو آخری کرایہ مئی کا ادا کیا گیا ہے، ان تاریخوں کے بعد سوشل میڈیا پر ایکٹویٹی نظر نہیں آئی۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے کہا کہ گھر اندر سے لاک تھا جسے توڑ کر اندر داخل ہوئے، اہل خانہ نے میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی اگلا قدم اٹھانے کا کہا ہے، حمیرا سے برآمد اشیاء پر پاس ورڈ لگے ہیں، حمیرا کے زیر استعمال اشیاء ڈیجیٹل فرانزک کے لیے روانہ کردی ہیں، پاس ورڈ کھلنے کے بعد حمیرا کا تمام ڈیٹا شیئرکرسکتے ہیں۔

محظور علی نے مزید کہا کہ حمیرا کی کسی عزیز نے ان کی گمشدگی سے متعلق رابطہ نہیں کیا، پڑوسی بھی وہاں موجود نہیں تھے اس لیے بو محسوس نہ ہوئی، جس عمارت میں حمیرا اصغر کا فلیٹ تھا وہاں ہر فلور پر دو فلیٹس بنے ہیں، پڑوس میں مقیم افراد بھی فروری 2025 میں بیرون ملک سے واپس آئے، ڈاکٹرز کو ملنے والے شواہد کے مطابق باڈی 8 ماہ پرانی ہے۔