تحریک انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کے لیے مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج کے پی ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے

ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے منتخب اراکین یعنی ایم این ایز اور ایم پی ایز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد جاری احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا تفصیلی جائزہ لینا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی قیادت احتجاجی تحریک کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے اراکین اسمبلی سے تجاویز بھی طلب کرے گی۔ پارلیمانی رہنما اجلاس کے دوران ملکی سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کریں گے اور احتجاجی مرحلے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے۔

یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں بلایا گیا ہے جب پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے ملک بھر میں احتجاجی سرگرمیوں کو دوبارہ منظم کرنے کے اشارے دیے جا رہے ہیں۔