فائل فوٹو
فائل فوٹو

حیدرآباد میں کلائوڈ برسٹ ،شہر پانی پانی ہو گیا

حیدرآباد میں کلائوڈ برسٹ، آدھے گھنٹے کی طوفانی بارش نے شہر کو پانی پانی کر دیا۔

بارش سے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید بارش کے نتیجے میں حیدرآباد ریجن کے 220 فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

حیدرآباد اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو گئے۔ شہر میں صرف آدھے گھنٹے کی طوفانی بارش ہوئی جس سے متعدد علاقے زیرِ آب آگئے، نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ہے۔

بارش کے دوران حادثات میں ایک شخص جاں بحق 7 زخمی

ریسکیو ذرائع کے مطابق برسات دوران چھتیں گرنے کے دو واقعات میں ایک شخص جاں بحق، پانچ زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا۔ واقعہ ٹمبرمارکیٹ روڈ پر دکان کی چھت گرنے سے پیش آیا جس نیک محمد جاں بحق اورتین افراد ناظم، روشن اور فرزند زخمی ہوئے  ۔اس کے علاوہ گھانگرا موری میں چھت گرنے کے واقعے میں دوافراد اقبال اورنیازکے زخمی ہونے کی اطلاع   ہے۔ ۔بارش کے بعد  پھلیلی نہر میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیاجس پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

بارش کے باعث 220 سے زائد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے نتیجے میں شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ حیسکو ترجمان کے مطابق مرمت کا کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کا کہنا ہے کہ پمپنگ اسٹیشنز کو جنریٹرز کے ذریعے چلایا جا رہا ہے تاکہ پانی کی نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر زین العابدین کا کہنا ہے کہ حیدرآباد شہر میں کلاؤڈ برسٹ ہوا ہے، الرٹ جاری کیا ہے، پمپنگ اسٹیشنوں کو چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ پھلیلی نہر کی پانی کی سطح زیرو کرنے کیلئے محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی ہے، بجلی کی عدم فراہمی کے باعث جنریٹر سے پانی کی نکاسی کررہے ہیں۔

حیدرآباد میں دو گھنٹے کے دوران 94 ملی میٹر بارش ہوئی، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے فوکل پرسن انجم نذیر نے کہا کہ حیدرآباد میں کلاوڈ برسٹ نہیں ہوا بلکہ مون سون سسٹم کی 94 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ جسے ناقص سیوریج نظام برداشت نہیں کرسکا اور نشیبی علاقے زیر آبد آگئے۔

دوسری جانب دیگر شہروں ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو جام، ٹنڈو آدم، مٹیاری، جام شورو، سجاول اور ٹھٹھہ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا لیکن نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

ٹنڈوالہ یار میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔