فائل فوٹو
فائل فوٹو

سندھ ہائیکورٹ کا نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے خلاف درخواست کی سماعت سے انکار

کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے خلاف فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی اور ہدایت دی ہے کہ اسے چھٹیوں کے بعد پیش کیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ میں موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے خلاف درخواست کو فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کرنے کے حوالے سے سماعت ہوئی جس میں عدالت نے فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی اور ہدایت کی درخواست چھٹیوں کے بعد پیش کی جائے۔

درخواست گزار کے وکیل مشتاق تبولی ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ یہ فوری نوعیت کا معاملہ ہے ہزاروں موٹر سائیکل سواروں کے چالان ہو رہے ہیں۔

جسٹس ذوالفقار سانگی نے ریمارکس دیئے کہ یہ کچھ ہزار روپوں کا معاملہ چھٹیوں میں لے کر آگئے، لوگوں کے دیگر اہم کیسز بھی ہیں۔

سماجی کارکن فیضان حسین نے نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی اور موقف اپنایا تھا کہ سندھ حکومت کے نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے فیصلے سے غریب شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، سندھ حکومت کے نوٹی فکیشن کے مطابق نئی نمبر پلیٹ نہ لگانے والے شہریوں کی گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی۔